آدھے سر کا درد،احتیاط اور طبی علاج
دردِشقیقہ جسے عرفِ عام میں آدھے سر کا درد بھی کہا جاتا ہے ایک نہایت تکلیف دہ اور اذیت ناک مرض ہے۔یہ مردوں کی نسبت خواتین میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ماہر ین کے مطابق انسانی جسم پر حملہ آور ہونے والے امراض کی ایک بڑی وجہ ہماری غذائی بے احتیاطی ہوا کرتی ہے۔ آدھے سر کے درد( دردِ شقیقہ) سے بچنے کے لیے بھی ہماری کھائی جانے والی خوراک اور روز مرہ معمولات میں تبدیلی پیدا کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ بطورِ پرہیز بڑا گوشت ،چاول،غیر ضروری چکنائیاں، دال مسور،تیز مصالحہ جات، کافی،قہوہ،سگریٹ اور کولا مشروبات و بیکری مصنوعات سے بچنا چاہیے۔آدھے سر کے درد سے بچنے کے لیے درج ذیل گھریلو طبی تراکیب استعمال میں لائیں۔علاج سے پہلے معدہ کی اصلاح بڑی ضروری ہوتی ہے تاکہ جو دوا کھائی جائے وہ خاطر خواہ اثرات کی حامل ہو۔معدے کی کار کردگی کو بڑھانے کے لیے سونف 3گرام،زیرہ 3 گرام اور الائچی سبز ایک عددڈیڑھ کپ پانی میں پکا کر بطورِ قہوہ دن میں دو بار بعد از غذا استعمال کریں۔(1دردِشقیقہ سر کے جس طرف ظاہر ہو ناک کے اس نتھنے میں گلِ دو پہریا کا رس ٹپکانے سے فوری افاقہ ہوتا ہے۔اگر یہ ترکیب ہفتہ عشرہ متواتر کر لی جائی تو دردِ شقیقہ سے مکمل نجات میسر آتی ہے۔اسی طرح سونٹھ کو باریک پیس کر اس کی نسوار درد کی مخالف سمت ناک میں سونگھنے سے چھینکیں آنے سے بھی دما غ ہلکا ہو کر درد کی شدت میں کمی آ تی ہے۔(2جب درد ِ شقیقہ کی شدت ہو اور کانوں کی کنپٹیوں کی رگیں بھی پھول رہی ہوں تو گوند ببول(کیکر) کو شہد میں گھس کر سفید کاغذ کے ٹکڑوں پر لگا کر کنپٹیوں کی رگوں پر چسپاں کر دیں۔چند منٹوں میں ہی درد موقوف ہو جائے گا۔ (3دار چینی کے سفوف کا پیسٹ بنا کر ماتھے پر لیپ کرنے سے بھی درد میں فوری کمی ہونے لگتی ہے۔ (4 اسطو خودوس 10گرام،مرچ سیاہ10 گرام ، گل بنفشہ10 گرام اور کوزہ مصری 30 گرام سفوف بنا کر صبح و شام نہار منہ نصف چمچ چائے والا نیم گرم پانی کے ساتھ ستعمال کریں۔3 سے5 ہفتے متواتر استعمال سے دردِ شقیقہ سے کامل شفا نصیب ہوگی۔ (5 ہرڈ 50 گرام،اندر جو شیریں 50 گرام،کٹھ شیریں50گرام اور مصری کو سفوف بنا کر رات کو سوتے وقت ایک چمچ چائے والا کھائیں۔(6 الائچی دانہ10گرام،جائفل5 گرام،بالچھڑ15 گرام اور زنجبیل20 گرام کو باریک پیس کر بوقتِ حملہ درد 3 گرام چائے کے ساتھ کھانے سے فوری افاقہ میسر آتا ہے۔ نوٹ:عام طور پر دیکھا یہ گیا ہے کہ دردِ شقیقہ کی ایک بڑی وجہد ماغی خلیوں میں غلیظ بلغم جم جانا بنتی ہے۔یا پھر سودا اور صفرا کی زیادتی بھی اس مرض کی وجہ بنا سکتی ہے۔اخلاط کے غیر ضروری اجتماع کی تنقیہ کرنے کے لیے حب ایارج فقرا کا استعمال بہت ہی مفید ثابت ہو کرتا ہے۔علاوہ ازیں زیرہ سیاہ کا قہوہ بنا کر پینے سے بھی دماغی جھلیاں بلغم سے پاک ہو جاتی ہیں۔ hk.niaz@yahoo.com