جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استعفادہ کیا جائے گا : شہباز شریف

جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استعفادہ کیا جائے گا : شہباز شریف

فرسودہ نظام نے امیر ، غریب کے درمیان خلیج کو بڑھایا،خوفناک صورتحال سے بچنے کیلئے خود احتسابی سے کام لینا ہوگا ،وزیراعلیٰ خواجہ غلام فرید یونیورسٹی ایک سال میں مکمل کی جائے گی ،رحیم یار خان میں خطاب،لاہور ایئر پورٹ پر امن و امان پر اجلاس

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں اربوں روپے صرف کرنے کا حقیقی مقصد اس وقت تک حاصل نہیں ہو سکتا جب تک دور دراز علاقوں میں بسنے والے غریب اور پسماندہ عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر نہیں آجاتیں۔وہ رحیم یار خان میں شیخ زیدمیڈیکل کالج کے دوسرے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں زندگی کی دیگر سہولتوں کی طرح صحت کی سہولتیں بھی ایک محدود طبقے کے لئے مخصوص ہو کر رہ گئی ہیں حالانکہ ایک غریب کاشتکار، کم آمدنی والے سرکا ری ملا زم، محنت کش کا بھی اپنے بیمار بچے کا علاج کروانے کا اتنا ہی حق ہے جتنا کسی وزیر ، سیکرٹری ، جرنیل یا جج کا ۔ انہوں نے کہااگر ہم ارتقائی عمل کے ذریعے موجودہ نظام کی خرابیاں دور نہ کر سکے تو پھر ہمیں ایک خونی انقلاب کے لئے تیار رہنا چاہئے ، اس طرح کی خوفناک صورتحال سے بچنے کے لئے معاشرے کے ہر فرد اور ہر ادارے کو خود احتسابی سے کام لینا ہوگا ۔ انہوں نے کہا فرسودہ نظام نے امیر اور غریب کے درمیان خلیج کو بڑھایاہے اگر ہم نے اس نظام کو نہ بدلا اورخود احتسابی کانظام نہ اپنایاتوخدانخواستہ ایسی تباہی آئے گی جس کا خمیازہ ہمیں صدیوں بھگتنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ نے بہترین تعلیمی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبا و طالبات میں میڈل و اسناد تقسیم کیں۔تقریب کی صدارت یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر میجر جنرل ریٹائرڈ ڈاکٹر محمد اسلم نے کی۔ پرنسپل ڈاکٹر سعید احمد نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے شیخ زید ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ اور سی سی یو وارڈ کا افتتاح کیا اور مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔پیشتر ازیں شہباز شریف نے خواجہ غلام فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ یونیورسٹی ایک سال کی مختصر مدت میں مکمل کی جائے گی جس پر ساڑھے 3ارب روپے لاگت آئے گی اور اس کا شمار معیاری اور جدید یونیورسٹیوں میں ہو گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا الیکشن میں جنوبی پنجاب کے لوگوں نے ہماری جماعت پر بھرپور اعتماد کیا اور اب ہمارا فرض ہے کہ یہاں کے لوگوں کو بھی ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا یونیورسٹی میں امسال ستمبر میں کلاسوں کا آغاز کر دیا جائے گا، ابتدائی طور پر الیکٹریکل ، مکینیکل، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر سائنس کے شعبے متعارف کرائے جائیں گے ،یونیورسٹی میں بہترین پی ایچ ڈی اساتذہ کا تقررکیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے رحیم یار خان سے واپسی پر لاہور ا یئر پورٹ پر ہی امن و امان کے حوالے سے اجلاس طلب کر لیا جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔شہباز شریف نے کہا صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،پولیس عوام کی جان و مال اور عز ت و آبرو کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض دیانتداری اورجانفشانی سے سرانجام دے ۔ جرائم کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں