نواز شریف ڈرون حملوں کیخلاف کھڑے ہوں ہم ساتھ دینگے : عمران خان

ایک ولی الرحمان کو مارینگے تو دوسرا آجائیگا ،وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردی کی آگ سے نکلیں، قبائلی علاقے ہماری جنت تھے انہیں جہنم کس نے بنایا ؟ جن حلقوں میں دھاندلی کی نشاندہی کی وہاں تحقیقات نہ ہوئی تو بات ریٹرننگ افسروں تک نہیں رکے گی بلکہ بہت دور تک جائیگی :روزنامہ دنیا سے گفتگو
لاہور (سلمان غنی)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ ہم انتخابی عمل میں دھاندلی کے مرکز و محور کے قریب پہنچ گئے ، جن حلقوں میں دھاندلی کی نشاندہی کی گئی ہے وہاں تحقیقات نہ ہوئی تو بات ریٹرننگ افسروں تک نہیں رکے گی بلکہ بہت دور تک جائیگی ۔پاکستان کو دہشت گردی کی جنگ سے نکلنا ہوگا ، نواز شریف ڈرون حملوں کیخلاف کھڑے ہوں ہم ساتھ دینگے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ممتاز بھارتی تجزیہ نگار ،دانشور اور کالم نویس ڈاکٹر وی کے ویدک سے ملاقات کے بعد دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے امریکہ کی جانب سے ڈرون حملوں کے عمل کو سفا کانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر یہ ہمارے بچوں کو ماریں گے تو ہم ان کا منہ دیکھیں گے ، آخر ہم آج تک کیوں خاموش ہیں، نواز شریف میں جرأت ہے تو سٹینڈ لیں، ڈرون حملوں کے خلاف جہاں تک ہوسکا ساتھ دیں گے ،دہشت گردی کی جنگ کو اپنی جنگ کہنا بے وقوفی اور حماقت ہوگی یہ امریکہ کی جنگ ہے اس سے نکلنا ہوگا ،اس جنگ سے ہمیں اربوں ڈالر وں کا نقصان اٹھانا پڑا، ہمارے 40ہزار لوگ اس کا ایندھن بن گئے ،ہم انہیں نہیں بھول سکتے ، یہ ایک ولی الرحمن ناصر کو ماریں گے تو دوسراولی الرحمن ناصر آجائے گا، مسائل کا حل ڈرونز یا قوت کے ذریعے ہو تو دنیا میں قیامت آجائے ، مسائل کا سیاسی حل ہی بہتر ہوتا ہے ،وقت آگیا ہے کہ ہم دہشت گردی کی آگ سے نکل کر اپنے قومی مفادات کا تحفظ کریں ،اپنے قبائلی علاقہ جات کی حفاظت کریں۔ 60 سال تک یہ قبائلی ہمارے محافظ تھے ، یہ قبائلی علاقے ہماری جنت تھے ، انہیں جہنم کس نے بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرونز کے خلاف وفاقی حکومت پالیسی بنائے ہم ساتھ دیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات نہ کی گئیں تو دنیا کے سامنے بھانڈا پھوٹے گا کہ کس طرح شب خون مار کر عوام اور نوجوانوں کے احساسات و جذبات کا قتل کیا گیا، ملک بھر میں دھاندلی کے عمل کی تحقیقات کیلئے جماعتی سطح پر بھی اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کردی ، وقت آنے پر دھاندلی کے اصل ملزم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے اور پتہ چل جائے گا کہ کس طرح کس کے کہنے پر اور کس کیلئے انتخابی نتائج تبدیل کردیئے گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ دھاندلی کے سہارے بننے والی حکومتیں زیادہ دیر تک نہیں چلتیں،آج دھاندلی پر دکانوں،گھروں، چوکوں اور چوراہوں میں بات ہورہی ہے ، اگر دھاندلی نہ ہوتی تو ایسی بات نہ ہوتی، ہم اس پر چپ نہیں رہیں گے اور اگرہم چپ کرگئے تو پھر کیا ہم اور سب یہ سوچیں اور یہ پلاننگ کریں گے کہ مستقبل میں ہمیں بھی دھاندلی کرنی ہے لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ،دھاندلی کا سارا ڈرامہ بے نقاب کرکے دم لیں گے ۔ عمران خان