شفقت حسین جرم کرتے وقت 13 نہیں 23 سال کا تھا: پولیس ریکارڈ

معصوم بچے کا قاتل شفقت حسین جرم کرتے وقت 13 نہیں 23 سال کا تھا۔ دنیا نیوز چشم کشا حقائق سامنے لے آیا۔ عینی شاہدین نے بھی تصدیق کر دی۔

کراچی: (دنیا نیوز) سات سالہ بچے کو اغواء کے بعد قتل کرنے کے جرم میں پھانسی کے سزا یافتہ مجرم شفقت حسین کی گرفتاری کے فوری بعد تصویر اور پولیس ریکارڈ دنیا نیوز نے حاصل کر لیا۔ 2004 میں گرفتاری کے فوری بعد کھینچی گئی تصویر میں مجرم شفقت حسین کے چہرے پر داڑھی اور مونچھیں واضح طور پر دکھائی دے رہیں ہیں۔ پولیس کرمنل آفس ریکارڈ کے مطابق مجرم کا پورا نام شفقت حسین قریشی ولد شاہ زمان ہے ۔ ملزم کی عمر 23 سال اور قد 5 فٹ 8 انچ ہے ۔ ریکارڈ میں مجرم کا رنگ گورا، بال سیاہ درج ہیں۔ گرفتاری کے وقت مجرم شلوار قمیض میں ملبوس تھا اور مجرم کا پتہ مکان نمبر 502 ای، نیو سبزی منڈی یونیورسٹی روڈ درج ہے۔ مجرم اردو اور ہندکو زبان بولتا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق گرفتاری کے وقت شفقت حسین 20 سے 22 سال کا تھا اور شفقت حسین کی بڑی بڑی مونچھیں تھیں۔ شفقت حسین اپنی مونچھوں کو تاؤ بھی دیتا تھا چھوٹے لڑکے کی مونچھیں اتنی بڑی نہیں ہوتیں۔ عینی شاہدین کا کہنا تھا 13 سال کا لڑکا چوکیداری کیسے کر سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں